لاہور میں بھارت سے آئے سکھ یاتریوں سے واردات کرنے والے ملزمان غیرملکی میاں بیوی نکلے۔ گینگ کے تین ملزمان کو کراچی سے گرفتارکرلیا گیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ایس پی سی آئی اے آفتاب پھلروان نے بتایا کہ کنول جیت سنگھ کو اہلیہ اور ملازم کے ہمراہ گلبرگ میں 29 نومبر کولوٹا گیا- کار سواروں نے خود کو سرکاری اہلکار ظاہرکرکے لاکھوں روپے اور زیورات چھین لیے۔
آفتاب پھلروان نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک ہزار کیمروں کی فوٹیجزچیک کی گئیں اور مختلف شہروں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔
پولیس کے مطابق ملزم شاہ رخ اس کی اہلیہ ریحانہ اور ساتھی عرفان کو کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے- ملزمان ایرانی نژاد ہیں اور شبہ ہے کہ کسی غیر ملکی ایجنسی کے لیے کام کرتے ہیں جس پر تفتیش کی جارہی ہے۔
ملزمان سے لوٹا گیا سامان برآمد کرکے کنول جیت سنگھ کو لوٹا دیا گیا ہے جبکہ وائر لیس سیٹ اور وردی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔