گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لئے پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت کے درمیان گلگت میں باضابطہ مشاورتی اجلاس ہوا۔ جی بی کو صحیح معنوں میں ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنے کیلئے کام کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ سیاسی اور جمہوری عمل کے ذریعے حکومت سازی کا عمل خوش آئند ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان گلگت میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا، سیکرٹری جنرل پی پی پی نیر حسین بخاری،قمر زمان کائرہ اورامجد حسین ایڈووکیٹ نے آئی پی پی وفد کا خیر مقدم کیا۔ وفد میں جنرل سیکرٹری آئی پی پی میاں خالد محمود ،صوبائی صدر حاجی گلبر خان، راجہ جلال حسین مقپون اور فتح اللہ خان شامل تھے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گلگت بلتستان میں حکومت سازی سمیت اہم سیاسی اور انتظامی معاملات پر صلاح مشورہ ہوا۔ دونوں جماعتوں نے خطے کی ترقی، عوامی خدمت اور سیاسی استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جماعتوں کے رہنما باہمی رابطے بڑھانے پرمتفق ہوگئے۔ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں گلگت بلتستان کو صحیح معنوں میں ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنے کے لئے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ طے پایا جی بی کے بہتر سیاسی مستقبل کے لئے افہام و تفہیم سے آگے بڑھنا ہو گا۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی آئندہ بھی باہمی مشاورت اور بات چیت جاری رکھے گی۔





















