وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کہنا ہے کہ جمعہ کو امریکا اور ایران کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہو جائیں گے۔ پاکستان کو اتنا بڑا اعزاز پچھلے 78 سال میں نصیب نہیں ہوا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں امریکا ایران معاہدے پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اتنا بڑا اعزاز پچھلے 78 سال میں نصیب نہیں ہوا ۔ وزیراعظم ، فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم نےجو محنت کی یہ اس کا پھل ہے ۔ انہوں نے انتہائی نازک مسئلے کو بڑی مہارت سے حل کیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ یہ جنگ امن کیلئے تھی ایک سال پہلے بھی ہم نے ایک جنگ لڑی تھی اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس میں بھی فتح یاب کیا۔ ایک جنگ ہم معاشی محاذ پر بھی لڑ رہے ہیں اس میں بھی کامیابی حاصل ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اتحاد دے اور ساری قوم دہشت گردی کے خلاف بھی اسی طرح کھڑی ہو جیسے بھارت کے خلاف کھڑی ہوئی ۔ میں اپنے ایرانی بھائیوں کو مبارکباد دوں گا۔ امریکی قیادت کا بھی شکریہ کہ انہوں نے امن کیلئے اتنا بڑا قدم اٹھایا ۔ امت مسلمہ اتحاد کا مظاہرہ کرے تو فلسطین کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔






















