نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاری مذاکرات میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے اور امید ہے کہ 19 جون کو جنیوا میں ہونے والی باضابطہ دستخطی تقریب خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کی بنیاد بنے گی۔
نائب وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ اہم پیش رفت مسلسل سفارتی کوششوں اور دوست ممالک کے اجتماعی عزم کا نتیجہ ہے جس نے محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے عالمی برادری کو ایک مثبت پیغام ملا ہے اور عالمی معیشت خصوصاً ترقی پذیر ممالک کیلئے استحکام اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس تمام عمل کے دوران متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا اور ہمیشہ تحمل، مکالمے اور تعمیری سفارتکاری پر زور دیتا رہا۔
وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کی قیادت کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا پرامن حل کیلئے سنجیدہ کردار قابل تحسین ہے۔
انہوں نے سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر، اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے اس پیشرفت میں اہم کردار ادا کیا۔






















