امریکہ نے بدھ کی رات ایران پر حملوں کی ایک نئی لہر شروع کر دی ہے، تہران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنائے گا۔
ایرانی میڈیا نے آبنائے ہرمز کے قریب ملک کے جنوب میں دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔ یہ وہی علاقہ ہے جہاں امریکی افواج منگل کو پہلے ہی فضائی دفاع، ریڈار اور دیگر مقامات پر بمباری کر چکی ہیں۔ ایرانی ذرائع نے قشم، کرگان اور سیریک میں دشمن کے پروجیکٹائلز‘ کے نئے حملوں کی اطلاع دی۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق خاتم الانبیا کمانڈ نے کہا کہ نئے امریکی فضائی حملوں کے بعد ’آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنایا جائے گا۔ کمانڈ نے کہا کہ آبنائے اب ہر قسم کے جہازوں کے لیے مکمل طور پر بند ہے۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی فوج نے بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کوڈرونز سے نشانہ بنایا، ایرانی فوج کے ڈرون حملوں میں امریکی پانچویں بیڑے کے پیٹریاٹ سسٹم کے کمیونیکیشن انٹینا اور ریڈار کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب نے امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ کویت اور اردن میں بھی امریکی اہداف پر ڈرونز سے حملے کیے گئے۔ عراقی شہر اربیل میں بھی امریکی اڈے پر میزائل داغے۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں، بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ پرسکون رہیں اور قریبی محفوظ مقام پر چلے جائیں۔






















