آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں حالیہ ترامیم کیخلاف درخواست پراعتراضات کے معاملے پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے اعتراضات کیخلاف اپیل پر جلد سماعت کی استدعا کردی۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں حالیہ ترامیم کیخلاف درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی ۔ اعتراضات کیخلاف اپیل دائر کر چکے ہیں ۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔
خیال رہے کہ عمران خان نے آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ کو آئینی درخواست میں چیلنج کیا تھا، رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراضات لگا کرواپس کردی تھی۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ رجسٹرار آفس اعتراضات کے خلاف اپیل دائرکر چکے ہیں، جس پر جلد سماعت کی جائے۔