نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے قومی سطح پر "پرعزم پاکستان" پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ۔ چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کہتے ہیں وزیرِاعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے بجٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے تمام تجاویز منظور کر لی ہیں۔ رواں سال فنی تعلیم کے لیے انیس ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم یوتھ پروگرام اور "جنریشن اَن لمیٹڈ" کے اشتراک سے نوجوانوں کو آرٹس، ثقافت، سائنس، ٹیکنالوجی اور کھیلوں میں آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس پروگرام کا آغاز دو ہزار تیرہ میں نواز شریف کے دور میں لیپ ٹاپ، وظائف اور آسان قرضوں کی فراہمی سے ہوا تھا۔ اب فنی تربیت کے ساتھ ساتھ سافٹ اسکلز، اخلاقی تربیت اور بیرونِ ملک روزگار کے لیے جاپانی، عربی، انگریزی، کوریائی، جرمن اور فرانسیسی زبانوں کے کورسز بھی شروع کر دیئے گئے ہیں۔ یوتھ پروگرام کی ٹیمیں سترہ ملکوں میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار تلاش کر رہی ہیں۔ رانا مشہود نے کہا کہ گزشتہ سال شروع ہونے والا یجیٹل یوتھ ہب آٹھ لاکھ سے زائد نوجوانوں اور دو ہزار سے زائد کمپنیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ایک مرکزی پلیٹ فارم بن چکا ہے ۔ تقریب میں پنجاب ایجوکیشن انڈاؤمنٹ فنڈ کی طرز پر "پاکستان ایجوکیشن انڈاؤمنٹ فنڈ" کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا ۔ اس فنڈ سے ملک بھر کے مستحق طلبہ مستفید ہوں گے۔





















