گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026 کی انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ دیامر سے لے کر گلگت اور غذر تک سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی آ گئی ہے، جبکہ جلسے، کارنر میٹنگز، انتخابی ریلیاں اور روایتی ثقافتی سرگرمیاں انتخابی ماحول کو مزید گرم کر رہی ہیں۔
دیامر کی شاہراہوں پر سیاسی قافلے متحرک ہیں، گلگت میں انتخابی دفاتر نعروں سے گونج رہے ہیں جبکہ غذر میں بھی مختلف سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔
گلگت میں استحکام پاکستان پارٹی کے انتخابی دفتر میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا، جہاں کارکنوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ جی بی اے ٹو سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار فتح اللہ خان نے اپنی کامیابی کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بھرپور حمایت انہیں حاصل ہے۔
اس موقع پر استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان نے بھی کارکنوں سے خطاب کیا اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے پُرامید ہونے کا اظہار کیا۔
دوسری جانب جی بی اے 16 دیامر ٹو میں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار عتیق اللہ ایڈووکیٹ کی انتخابی مہم بھی زور و شور سے جاری ہے، جہاں مختلف عوامی رابطہ مہموں اور اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ضلع غذر میں بھی سیاسی درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔ تینوں انتخابی حلقوں میں مضبوط امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار خان اکبر خان کا کہنا ہے کہ ان کا اصل مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے اور وہ اس مرتبہ عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔





















