اسلام آباد کے نیو بلیو ایریا میں داخلے پر فیس لینے کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے ۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کیخلاف دائر درخواست میں محمد طیب ایڈووکیٹ نے فیس کی وصولی کا اقدام غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی ہے ۔ درخواستگزار نے مؤقف اختیار کیا کہ نیو بلیو ایریا میں کمرشل مارکیٹس،کارپوریٹ ہیڈ کوارٹر اور ریسٹورنٹس ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ سروس روڈ کے استعمال پر سو روپے فیس چارج کررہی ہے ۔ یہ پارکنگ نہیں بلکہ سروس روڈ استعمال کرنے کی فیس لی جارہی ہے ۔ اس چارج پر کوئی سہولت یا کوئی سروس نہیں دی جا رہی ۔ درخواستگزار کے مطابق داخلے کے لئے فیس چارج کرنا عدالتی فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے ۔





















