لاہور میں عید الاضحیٰ پر قربانی کا گوشت اکٹھا کرنے والے باپ بیٹےنے ایک کروڑ سے زائد کی واردات کر ڈالی۔
لاہور کےعلاقے ڈیفنس میں عیدالاضحیٰ کےروزایک کروڑروپےسےزائد مالیت کی چوری کی واردات کا معمہ حل کرلیاگیا،پولیس نے قربانی کاگوشت جمع کرنےکی آڑمیں گھروں کی ریکی کرنےوالے باپ بیٹےکوگرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کےمطابق ملزمان جوزف اور جمشید کو ٹبہ گوہاوہ سےگرفتارکیاگیا، دونوں باپ بیٹا عید کے روز سائیکلوں پرسوارہوکرمختلف گھروں کی ریکی کرتے رہے اورقربانی کا گوشت مانگنے کے بہانے گھروں کے حالات کا جائزہ لیتے رہے۔
پولیس کےمطابق ملزمان نے واردات سے قبل تین بار گھر کی گھنٹی بجا کر اہلِ خانہ کی عدم موجودگی کی تصدیق کی،بعد ازاں ایک ملزم گیٹ پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا اور تقریباً ایک گھنٹے تک اندر موجود رہا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کاکہنا ہےکہ ملزمان نے ایک کروڑ روپےسےزائد مالیت کے زیورات،گھڑیاں،غیرملکی کرنسی اوردیگر قیمتی سامان چوری کیا،واردات کے بعددونوں ملزمان مختلف گھروں سے قربانی کا گوشت بھی اکٹھا کرتے رہے تاکہ کسی کو ان پر شک نہ ہو۔
ملزمان کو کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے چوری شدہ زیورات، گھڑیاں اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔



















