کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بریک ڈاؤن کے بعد کراچی کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی بند ہوگئی۔ واٹرکارپوریشن کے مطابق مرمت کےلیے جبری شٹ ڈاؤن کیا گیا۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کابریک ڈاؤن کے بعد کراچی کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی بند ہوگئی، شٹ ڈاؤن کے نتیجے میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 21 میں سے 10 پمپنگ یونٹس بند ہوگئے۔
کراچی کو پانی کی ترسیل کا نظام بری طرح متاثر،مختلف علاقوں میں فراہمی معطل ہوگئی۔ حکام کے مطابق کے الیکٹرک نے کراچی واٹر کارپوریشن کو ابتدائی طور پر ایک گھنٹے کے شٹ ڈاؤن سے آگاہ کیا، بجلی کی مکمل بحالی کے وقت کے بارے میں تاحال حتمی معلومات فراہم نہیں کیں۔
ترجمان کے مطابق واٹرکارپوریشن انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہی ہے، کے الیکٹرک کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ بجلی کی جلد بحالی یقینی بنائی جاسکے۔ شہری پانی کااستعمال احتیاط سے کریں اورغیرضروری استعمال سے گریز کریں۔





















