وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ امن دستوں کے عالمی دن پر پیغام میں اقوام عالم کے ساتھ مل کر امن کے سپاہیوں کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا اور عالمی امن کےلیے پاکستان کے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
خصوصی پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا آج کا دن دنیا کے جنگ زدہ علاقوں میں عسکری اور سویلین دستوں کی قربانیوں کے اعتراف میں منایا جاتا ہے ۔ اس سال یہ دن "امن کے فروغ میں سرمایہ کاری" کے عنوان سے منایا جا رہا ہے ۔ یہ موضوع پائیدارعالمی امن،انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پرعزم سیاسی حمایت ، مالی معاونت کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن اقوام متحدہ کے پہلے امن مشن یو این ٹی ایس او کے قیام کی یاد بھی تازہ کرتا ہے ۔ جس نے 1948 میں فلسطین میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں ۔ امن دستوں میں 20 لاکھ سے زیادہ مرد و خواتین، 70 سے زائد امن مشنز میں خدمات انجام دے چکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ امن دستوں کے سب سے دیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے ۔ یہ کردار بلاشبہ اجتماعی طور پر امن کی ترجیح کا آئینہ دار ہے۔




















