ایک 8 سالہ پاکستانی نژاد بچے نے NASA کی ویب سائٹ پر موجودحروف تہجی کی غلطی کی نشاندہی کرکے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کردیا۔
بچے کے والد مسرت علی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ناسا کو خوشگوار انداز میں اس غلطی سے آگاہ کیا اور اسے ’اہم مشن اپڈیٹ‘ قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق ناسا کی ایک پوسٹ میں ’Explore Jupiter‘ کی جگہ غلطی سے ’Expor Jupiter‘ لکھا گیا تھا، یعنی لفظ Explore میں حرف ’L‘ غائب تھا۔
بچے کے والد نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کے 8 سالہ بیٹے نے یہ غلطی فوراً نوٹ کی اور اصرار کیا کہ اسے ناسا کو ضرور رپورٹ کیا جائے۔
ناسا نے بھی کھلے دل سے غلطی تسلیم کرتے ہوئے جواب دیا کہ نشاندہی کا شکریہ، ہم فوری طور پر گمشدہ حرف درست کر رہے ہیں۔
والد کے مطابق ناسا کے دوستانہ جواب سے ان کا بیٹا بے حد خوش ہے کیونکہ وہ خلا، راکٹس اور خلائی مشنز میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور مستقبل میں خلا باز بننے کا خواب دیکھتا ہے۔






















