وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان نئی دہلی کی عاقبت نااندیشی کا ثبوت ہے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا انجام عبرتناک ہوگا۔ کسی جغرافیائی نقصان کی صورت میں تباہی کا ذمہ دار بھی بھارت ہوگا۔
بھارتی آرمی چیف کے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے مودی سرکار کو آئینہ دکھا دیا۔ کہا بھارتی آرمی چیف کا بیان نئی دہلی کی عاقبت نااندیشی کا ثبوت ہے۔ ایٹمی پاکستان جنوبی ایشیا کے جغرافیے کا وہ حصہ ہے جسے مٹایا نہیں جاسکتا۔ بھارتی قیادت نے 8 دہائیاں گزرنے کے بعد بھی تاریخ سے سبق نہیں سیکھا۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ نئی دہلی کا جارحانہ رویہ معرکہِ حق میں ملنے والی ہزیمت کا عکاس ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج وطن کے دفاع کیلئے ہر دم تیار ہے۔ پاکستان کیخلاف کسی بھی مہم جوئی کا انجام عبرتناک ہوگا۔
عبدالعلیم خان نے دشمن پر یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی بھارتی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ کسی جغرافیائی نقصان کی صورت میں تباہی کا ذمہ داربھارت ہوگا۔ کہا کہ مودی سرکار خطے میں مداخلت کے بجائے اپنے ملک کے اندر مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔





















