سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے ضابطۂ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں اور مدارس کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ کسی کالعدم تنظیم کو کسی دوسرے نام سے بھی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق سندھ بھر میں کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے اور بینرز آویزاں کرنے پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح اعلانات کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور گاڑیوں پر جھنڈے لگانے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ زبردستی یا طاقت کے زور پر کھالیں جمع کرنا ممنوع ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں کھالیں ضبط کرکے منظور شدہ فلاحی اداروں کے حوالے کر دی جائیں گی، جبکہ پولیس کو فوری مقدمات درج کرنے کے اختیارات بھی تفویض کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں 10 سے 12 ذوالحج تک لائسنس یافتہ اسلحہ لے کر چلنے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔





















