پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن نے 40 لاکھ طلبا کے داخلے کا ہدف عبور کرلیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ یہ کامیابی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت حاصل ہوئی ہے۔
وزیر تعلیم کے مطابق 2002 سے 2024 تک 23 سال میں 23 لاکھ بچے سرکاری اسکولوں میں داخل ہوئے، جبکہ 2024 سے 2026 کے دوران صرف دو سال میں 40 لاکھ طلبا کا ہدف حاصل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 13 ہزار اسکولز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں شامل کیا گیا ہے، جس کے باعث صوبہ دنیا کا سب سے بڑا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ایجوکیشن ماڈل بن چکا ہے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق پنجاب نے امریکہ کے چارٹر اسکول سسٹم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جو 38 لاکھ طلبا پر مشتمل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بجٹ میں 250 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اس ماڈل کے تحت ایک لاکھ نوکریاں بھی پیدا ہوئی ہیں اور 30 ہزار سے زائد افراد کو اسکولز دیے گئے ہیں۔





















