چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ تائیوان کا مسئلہ امریکا اور چین کے تعلقات میں سب سے اہم مسئلہ ہے، تائیوان کی آزادی اور امن ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں۔
دورہ چین کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو میں شی جن پنگ نے کہا کہ تائیوان کے مسئلے کو درست طریقے سے نہ سنبھالا گیا تو دونوں ملکوں میں تصادم ہوگا، تائیوان کے مسئلے کو غلط انداز میں نمٹانا انتہائی خطرناک صورتحال کی طرف لے جاسکتا ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ امریکی صدر سے بیجنگ میں مل کر خوشی ہوئی، چین اور امریکا بڑی طاقتیں ہیں،عالمی استحکام ہمارامشترکہ ہدف ہے، امریکا اور چین کوایک دوسرےکاحریف نہیں شراکت دارہوناچاہیئے، چین اور امریکا کے درمیان مشترکہ مفادات،اختلافات سے کہیں زیادہ ہیں۔
شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور امریکا کے تعلقات میں استحکام پوری دنیا کیلئے اچھی بات ہے، اہم عالمی معاملات پر صدرٹرمپ کےساتھ تبادلہ خیال کا منتظر ہوں، دُنیا اِس وقت ایران تنازع اور عالمی سپلائی چین کےسنگین چیلنجز سے گزررہی ہے۔
اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا چین کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے، بیجنگ میں والہانہ استقبال کرنے پر مشکورہوں، مستقبل میں ہم مل کر کام کریں گے۔




















