ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکی مطالبات پر بات چیت کو آگے بڑھانا مشکل ہورہا ہے، امریکی رویہ مذاکراتی عمل کو پیچیدہ بنا رہا ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیشہ ورانہ طریقے سے ثالثی کا کردارادا کررہا ہے، خطے کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکی تجاویز کا جواب دیا، خطے کی سلامتی اور استحکام ایران کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ سفارتی کوششوں کے باوجود حالات خراب ہورہے ہیں، امریکی اقدامات کی وجہ سے خطے میں سلامتی کے مسائل ہیں، چین کو آگاہ کیا ہے امریکی اقدامات سے بے چینی اور عدم استحکام پیدا ہوگا۔ امریکا کو دی گئی تجاویز معقول اور منصفانہ ہیں، امریکا کے مطالبات اب بھی غیر معقول ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی ہمیں لڑنے پر مجبور کیا جائے گا، ہم لڑیں گے، جب بھی سفارتکاری کا موقع ہوگا، ہم اسے استعمال کریں گے۔ ایران نے ثابت کیا ہے عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہیں۔





















