ترجمان پاسدارن انقلاب نے امریکا کیجانب سے ایرانی فوج کی تیز رفتار کشتیوں کو نشانہ بنائے جانے کی تردید کی ہے۔
ایرانی میڈیا نے پاسدارن انقلاب کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے لکھا کہ امریکی فوج کی جانب سے ایرانی فوج کی تیز رفتار کشتیوں کو نشانہ بنانے کے بے بنیاد دعوے کے بعد چونکہ پاسدارانِ انقلاب کے کسی بھی جنگی جہاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اس خبر کی نوعیت جانچنے کے لیے مقامی ذرائع سے تحقیقات کی گئیں۔
ادارے کے مطابق تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ ’امریکی افواج نے عمان کے ساحل سے ایران کے ساحلوں کی جانب جانے والی عوامی سامان بردار دو چھوٹی کشتیوں پر حملہ اور فائرنگ کی اور انھیں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ان میں سوار پانچ عام شہری شہید ہو گئے۔
واضح رہے کہ سوموار کے روز ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی افواج نے ایران کی سات چھوٹی فوجی کشتیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی فوج کی مرکزی کمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کشتیوں کو نشانہ بنانے کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کیے گئے۔





















