امریکی ریاست میسا چوسٹس کے جزیرہ نما علاقے Cape Cod کے ساحل سے دو مختلف رنگوں والا ایک نایاب جھینگا دریافت ہوا ہے، جس نے ماہرین کو حیرت میں ڈال دیا۔
بھورے اور نارنجی رنگ پر مشتمل اس غیر معمولی جھینگے کو ماہرین ’’قدرت کا معجزہ‘‘ قرار دے رہے ہیں۔ سمندری ماہرین کے مطابق اس طرح کے جھینگے کے ملنے کا امکان تقریباً پانچ کروڑ میں ایک بار ہوتا ہے۔
یہ نایاب جھینگا کشتی کے عملے کے رکن Timothy Michael نے دریافت کیا، جو اسے دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ جھینگے کا وزن 3 پاؤنڈ سے زائد بتایا جا رہا ہے، جبکہ اس کا جسم سر سے دم تک آدھا بھورا اور آدھا نارنجی رنگ کا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کی منفرد رنگت جینیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہوتی ہے، جو سمندری حیات میں نہایت کم دیکھی جاتی ہے۔
متعلقہ کمپنی نے اس جھینگے کو نایاب ہونے کے باعث فروخت یا استعمال کرنے کے بجائے Woods Hole Science Aquarium کے حوالے کر دیا ہے، جہاں اسے محفوظ رکھا جائے گا۔
اکویریئم انتظامیہ کے مطابق 2027 میں تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد اس نایاب جھینگے کو عوامی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔





















