افریقی ملک چاڈ میں کنویں کے پانی پر لڑائی میں 42 افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 2 گھروں کے درمیان جھگڑا 2 قبیلوں کی لڑائی بن گئی، تصادم میں 42 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دو طرفہ حملوں میں 10 افراد زخمی، کئی گاؤں جلا دیے گئے۔
چاڈ کے حکام نے اتوار کے روز کہا کہ نائب وزیر اعظم لیمانے مہامت کی قیادت میں ایک وفد کو علاقے میں بھیجا گیا ہے اور حالات کو قابو میں کر لیا گیا ہے۔
وسطی افریقی ملک میں مہلک فرقہ وارانہ جھڑپیں، کسانوں اور چرواہوں کے درمیان طویل عرصے سے جاری تنازعات کے ساتھ ساتھ نسلی کشیدگی بھی عام ہیں، جھڑپیں اکثر پانی اور چرائی زمین پر مقابلہ کی وجہ سے ہوتی ہیں۔
حالیہ مہینوں میں پڑوسی ملک سوڈان میں خانہ جنگی سے فرار ہونے والے پناہ گزینوں کی آمد نے وسائل اور سلامتی کے حوالے سے تناؤ کو مزید بڑھا دیا ہے۔





















