نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ہمارا کام نہیں۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ الیکشن کب ہوں گے اس کا قانونی جواب ہمارے پاس نہیں، الیکشن سے متعلق عدالت جو بھی فیصلہ کریگی ہم اس پر عمل کریں گے۔
نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خط کا کوئی قانونی پہلو نہیں، انہوں نے اپنے خط میں تجویز دی ہے، فیصلہ نہیں کیا، خط کی ضرورت سے متعلق وہی بہتر جواب دے سکتے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پراعتماد ہے، اس نے اپنا پروسیس شروع کیا ہوا ہے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو تحفظات کا اظہار کررہے ہیں اچھی بات ہے، ہم ایک دن رہیں یا ایک ماہ، قانون کے مطابق رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم پر عدالتی فیصلہ دیکھ کر نظرثانی سے متعلق فیصلہ کریں گے، میں بھی اپنا ووٹ اس جماعت کو دوں گا جس کے پاس معاشی پروگرام ہوگا۔