نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ باؤلر ڈگ بریسویل پرکوکین کے استعمال کے باعث دو سال کے لیے پابندی عائد کر دی گئی۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق بریسویل نے گزشتہ سال کاؤنٹی چیمپیئن شپ فائنل کے دوران کوکین کا استعمال کیا، جبکہ 25 ستمبر کو ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ڈگ بریسویل نے کوکین کے استعمال کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس وقت وہ انگلش کاؤنٹی کلب ایسیکس کی نمائندگی کر رہے تھے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود مثبت ٹیسٹ آنے پر ان پر دو سال کی پابندی عائد کی گئی، جسے انہوں نے قبول بھی کر لیا ہے، جبکہ ایسیکس کلب کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ 2024 میں بھی کوکین کے استعمال پر ڈگ بریسویل ایک ماہ کی پابندی کا سامنا کر چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 69 انٹرنیشنل میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی۔





















