نئے مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی تجاویز پر کام جاری ہے۔ اگلے مالی سال معاشی شرح نمو کا ہدف 5.1 فیصد رکھنے کی تجویز ہے۔
رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔ آئی ایم ایف، عالمی بینک اور اے ڈی بی کی شرح نموہدف سے کم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
اگلے مالی سال ٹیکس ہدف ساڑھے 15 ہزار ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے، رواں مالی سال ٹیکس ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، ہدف پر نظرثانی کے باوجود ایف بی آر کو9 ماہ میں 610 ارب روپے خسارہ ہوا۔
اس سال جون تک انکم ٹیکس ریٹرن میں مزید 10 لاکھ اضافے کا ہدف ہے، اگلے سال مارچ تک گوشواروں میں مزید ساڑھے 7 لاکھ اضافہ کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف نے ایگزیکٹو بورڈ کا 4 مئی تک کا شیڈول جاری کر دیا، پاکستان سے متعلق اجلاس بلانے کی تاریخ کا فی الحال تعین نہیں کیا گیا۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس مئی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری دی جائے گی۔
وزارت خزانہ حکام مئی کے پہلے ہفتے آئی ایم ایف سے اگلی قسط کیلئے پر امید ہے،حکام کے مطابق آئی ایم ایف کے زیادہ تر اہداف پورے کیے جا چکے ہیں۔ آئی ایم ایف مشن نے تیسرے اقتصادی جائزے کی رپورٹ ایگزیکٹو بورڈ میں پیش کر دی ہے۔





















