وزیراعظم سےپاکستانی خلا بازخرم داؤد اور محمد ذیشان علی کی ملاقات ہوئی ہے،ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا آپ دونوں نوجوان خلا بازوں اور خلاباز اتاشی سےمل کردلی مسرت ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نےخلا بازوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا آپکا خلائی مشن پر تحقیق کیلئے جانا پاکستان کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے،مجھ سمیت پوری قوم کیلئے قابل فخر امر ہے،پراعتماد ہوں کہ آپ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیاباب لکھنےجارہےہیں،شبانہ روزمحنت کی بدولت آپ نےیہ مقام حاصل کیا جو قابل ستائش ہے،چینی توسط سےآپکا یہ سفردونوں ممالک کےبرادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا،پاک چین دوستی آسمان کی بلندیاں چھوتےہوئےستاروں پرکمند ڈالنےکیلئے تیارہے۔
ملاقات میں سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال،وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ،معاون خصوصی سید طارق فاطمی،سیکرٹری خارجہ،چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان،چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ بھی شریک تھے۔
چینی سفیر نےوزیراعظم کی گفتگو کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کا خلائی تحقیق میں تعاون خوش آئند قراردیا۔
خلاباز نےگفتگو میں کہا پاکستان کیلئےخلاء میں تحقیق کےفرائض سرانجام دینا باعث عزت، منفرد اعزاز، باعث افتخارہے،محنت اورلگن سے قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔





















