کوئٹہ میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز سے گرفتار ہونے والی لڑکی کے معاملے پر حکومت بلوچستان نے مؤقف جاری کردیا۔
معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق زیرِ حراست لڑکی کے خلاف دہشتگردوں کی معاونت اور سہولت کاری کے واضح شواہد سامنے آئے ہیں، جن کی بنیاد پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ شواہد کی روشنی میں مذکورہ لڑکی کو قوانین کے مطابق انٹرنمنٹ و ڈٹینشن سینٹر میں رکھا گیا ہے، جبکہ اس کی حراست کے احکامات حکومت بلوچستان کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے گئے۔
بابر یوسفزئی کے مطابق اہلِ خانہ کو بھی قانونی تقاضوں کے تحت حراست سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور تمام کارروائی مکمل طور پر قانون اور طے شدہ ایس او پیز کے مطابق انجام دی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ مکمل طور پر قانونی دائرہ کار میں ہینڈل کیا جا رہا ہے، لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔





















