ویسٹ انڈیز کے رکن ملک ڈومینیکا نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے میچز کی میزبانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کیلئے ویسٹ انڈیز کے 7 اور امریکا کے 3 وینیوز کا اعلان کیا تھا، ڈومینیکا کو پہلے راؤنڈ کا ایک اور سپر 8 مرحلے کے 2 میچز کی میزبانی کرنا تھی۔
کرک انفو کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے رکن ملک ڈومینیکا کی حکومت کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے وقت پر انفرا اسٹرکچر تیار نہیں کرسکتے، تیاری مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کرکٹ کے میگا ایونٹ سے دستبردار ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ 2024 میں ٹی 20 فارمیٹ کا نواں ورلڈ کپ ہوگا جس کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کو کرنی ہے، ایونٹ میں 20 ٹیمیں شامل ہوں گی جنہیں 5، 5 ٹیموں کے 4 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیمیں سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔
اس کے بعد 4، 4 کے 2 گروپس میں سے ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، ایونٹ 4 جون سے 30 جون 2024ء تک کھیلا جائیگا جس میں مجموعی طور پر 55 میچز ہوں گے۔