کراچی کی مقامی عدالت نے نوجوان لڑکی سے زیادتی کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم کو دس سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی کی عدالت نے ریمارکس دیے کہ استغاثہ ملزم ذیشان عرف شانی پر جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی ہے۔پراسیکیوٹر حنا ناز کے مطابق ملزم متاثرہ لڑکی کے گھر میں رہائش پذیر کرائے دار کا بھائی ہے۔ اسی سبب اُسکا گھر میں آنا جانا رہتا تھا۔ جون دو ہزار چوبیس کو ملزم لڑکی کو زبردستی بھائی کے گھر لیکر گیا اور زیادتی کی۔ مقدمہ درج ہونے پر ملزم کے بڑے بھائی نے اسے پولیس اسٹیشن پیش کرکے گرفتار کروایا۔ ملزم کے خلاف تھانہ رضویہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔






















