پاکستان ایشیائی ترقیاتی بینک سے ایک ارب ڈالر قرض حاصل کرے گا، جس کا مقصد ماحولیاتی چیلنجز اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔
دستاویزات کے مطابق اس قرض کے تحت تقریباً 280 ارب روپے کلائمیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر خرچ کیے جائیں گے، جن میں سیلاب سے بچاؤ، زرعی ترقی، غذائی تحفظ اور دیہی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔
اے ڈی بی پاکستان کو 10 لاکھ ڈالر کی تکنیکی گرانٹ بھی فراہم کرے گا۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرمایہ کاری اس وقت ناکافی ہے، جبکہ ملک کو سالانہ 30 سے 60 ارب ڈالر کے مالی خلا کا سامنا ہے۔
قرض کی مدت 15 سال جبکہ 3 سال رعایتی مدت بھی شامل ہے، قرض کی واپسی کی اوسط ادائیگی مدت تقریبا 12 سال ہے، شرح سود اے ڈی بی کے لچکدار قرض پروگرام کے مطابق ہوگی، غیر استعمال شدہ رقم پر 0.15 فیصد سالانہ چارج لاگو ہوگا.






















