لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان میں بدھ کو ہونے والے اسرائیلی فوج کے حملوں میں 180 سے زائد افراد شہید ہو گئے ہیں۔
لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ کشیدگی کے شروع ہونے کے بعد سے اب تک بدھ کے روز حملوں میں سب سے زیادہ لوگ شہید ہوئے ہیں۔
ایک اور بیان میں لبنانی سول ڈیفنس ایجنسی کے حوالے سے کہا گیا کہ 254 افراد شہید اور 1165 زخمی ہوئے، اسرائیلی دفاعی افواج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت، جنوبی علاقوں اور ملک کے دیگر حصوں میں اب تک کے سب سے شدید حملے کیے ہیں۔
بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے بدھ کے روز لبنان کے گنجان آباد علاقوں میں ہونے والی تباہ کن حملوں اور ان میں ہونے والی ہلاکتوں اور نقصان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ لبنان جنگ میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد1600سے تجاوز کرگئی ہے،ہزاروں زخمی، لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں، جاں بحق افراد میں102خواتین،130بچے اور طبی عملے کے57 کارکن شامل ہیں۔





















