ننکانہ صاحب میں موٹروے ایم 3 پر تیز رفتار مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ 26 افراد شدید زخمی ہوئے۔
ننکانہ صاحب میں موٹروے ایم 3 پر ریسٹ ایریا کے قریب تیز رفتار مسافر بس بے قابو ہو کر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 26 مسافر زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں 10 ایمرجنسی گاڑیوں کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں انہیں مزید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس علی پور سے لاہور جا رہی تھی۔





















