مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ برقرار نہیں رہنا چاہیے، میرے خیال سے العزیزیہ ریفرنس 2 دن میں ختم ہو جائے گا۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثنا ء اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو7 سال بعد ایون فیلڈ میں انصاف ملا، اللہ نے انہیں سرخرو کیا ہے، ماضی میں ان کے کیخلاف غلط فیصلے تھے جو عدلیہ کے ماتھے پر داغ ہیں ، ان فیصلوں کو جتنی جلدی ختم کر دیا جائے، وہ عدلیہ کے لیے باعث عزت ہوگا۔
لیگی رہنما نے بتایا کہ ہم نے آج پارلیمانی بورڈز کی میٹنگز کے متعلق لائحہ عمل طے کر لیا ہے، نواز شریف ہر ڈویژن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ہر امیدوار سے خود ملاقات کریں گے، ہر ڈویژن کی میٹنگ کے بعد پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ العزیزیہ ریفرنس فراڈ ہے، جس میں جج ملک ارشد مرحوم کیخلاف فیصلہ آچکا ہے، العزیزیہ کا فیصلہ برقرار نہیں رہنا چاہیے، ازخود نوٹس کے تحت العزیزیہ ریفرنس مکمل ختم ہو جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے، جس فیصلے کے تحت نوازشریف کو پارٹی صدارت سے الگ کیا گیا آج وہی فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی کے آڑے آرہا ہے، یہ اللہ کا انصاف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں نے فیصلہ قانون کے مطابق کرنا ہے ، 62 ون ایف کے تحت عدالتی تشریح کے بعد پارلیمان نیا قانون بنا چکی جس کو کہہں چیلنج نہیں کیا گیا۔