خیبرپختونخوا کے سرکاری تعلیمی اداروں میں 4 روزہ ورکنگ ہفتہ ماڈل نافذ کردیا گیا۔
محکمہ ثانوی اور ابتدائی تعلیم خیبرپختونخوا نے نئے اوقات کار کا اعلامیہ جاری کردیا،اعلامیے کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں میں جمعہ اور ہفتہ کو تعطیل ہوگی، نئے اوقات کار کا اطلاق آج یکم اپریل 2026 سے فوری طور پر ہوگا۔
اوقات کار میں تبدیلی ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی کی کمی کے باعث کی گئی، پرائمری اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں صبح 7:30 سے دوپہر 1:35 تک جاری رہیں گی، مڈل اسکولوں کے لیے نئے اوقات کار صبح 7:30 سے دوپہر 2:35 تک مقرر ہے۔ ہائی اور ہائر سکنڈری اسکولوں میں چھٹی دوپہر 3:00 بجے ہوگی۔
دوسری جانب پنجاب بھر میں کفایت شعاری اقدامات اور ایندھن بحران کے باعث بند کیے گئے اسکولز آج سے دوبارہ کھل گئے ہیں۔ آن لائن کلاسز کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ پنجاب حکومت نے کفایت شعاری مہم کے تحت صوبہ بھرکےتعلیمی اداروں کو 10 سے31 مارچ تک بند کیا تھا۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ آج سے تعلیمی سلسلہ معمول کے مطابق بحال ہوگیا ہے، تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل حسب معمول ہفتہ وار 5 دن جاری رہے گا، تعلیم کے حوالے سے مشکلات اور رکاوٹوں کو ملکر عبور کرنا ہے۔





















