وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں مشرق وسطیٰ جنگ کی وجہ سے مہنگائی میں نمایاں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیاہے ۔
وزارت خزانہ کے مطابق رواں ماہ مہنگائی 7.5 سے 8.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ صنعتی لاگت بڑھا سکتا ہے، تیل مہنگا ہونےسے درآمدی بل بڑھنے کا خدشہ ہے، عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود معیشت مستحکم رہنے کی امید ہے۔
رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کا قریبی منظرنامہ محتاط طور پر مثبت قرار دیا گیاہے، صنعتی شعبے میں بہتری کے آثار ظاہر ہونا شروع ہو گئے، ٹیکسٹائل مشینری اور تعمیراتی اشیاء کی درآمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، حکومت کی جانب سے پیٹرولیم ذخائر برقرار رکھنے کے اقدامات جاری ہیں۔
توانائی کی طلب پر قابو اور اخراجات میں کمی پر توجہ ہے، عید کے باعث بیرون ملک سے ترسیلات زر میں اضافہ متوقع ہے، آئی ٹی برآمدات میں بہتری سے زرمبادلہ میں اضافہ ہو رہا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں رہنے کی توقع ہے۔
مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ترسیلات زر میں 10.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی تا فروری ترسیلات زر کا حجم 8.12 ارب ڈالر رہا، اس دوران پاکستانی برآمدات میں 5.4 فیصد کمی آئی،جولائی تا فروری ملکی برآمدات کا حجم 20.7 ارب ڈالر رہا۔
8ماہ میں درآمدات 8.8 فیصد کمی سے 41.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جولائی تا فروری کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو کر 70 کروڑ ڈالر پر آگیا، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 33 فیصد کمی سے 1.19 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ۔
مجموعی بیرونی سرمایہ کاری کا حجم صرف 70 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا، 8ماہ میں ٹیکس ریونیو گزشتہ سال کے مقابلے 10.6 فیصد بڑھ گیا، جولائی تا فروری ٹیکس وصولی کا حجم 8 ہزار 122 ارب روپے رہا، اس دوران نان ٹیکس ریونیو 7.4 فیصد اضافے سے 4 ہزار 41 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔
جولائی تا فروری مالی خسارہ 64.7 ارب روپے رہا، پرائمری بیلنس 4 ہزار 151 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔
7ماہ میں زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں 11 فیصد اضافہ ہوا،جولائی تا جنوری زرعی قرضوں کا حجم ایک ہزار 649 ارب روپے رہا، اس دوران نجی شعبےکو بینکوں نے 887 ارب روپے قرضہ فراہم کیا، جولائی تا جنوری بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.75 فیصد بہتری آئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 24.6 فیصد تک اضافہ ہوا اور ایک لاکھ 46 ہزار سےتجاوز کر گئی، اسٹیٹ بینک کےزرمبادلہ ذخائر 16.4 ارب ڈالر ریکارڈ کئے گئے۔





















