ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی خبروں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دوسرے روز بھی کاروبار کا مثبت اختتام ہوا اور مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں 4 ہزار 600 پوائنٹس تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 154000، 155000، 156000، 157000 اور 158000 پوائنٹس کی پانچ اہم حدیں بھی بحال ہو گئیں۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 4 ہزار 347 پوائنٹس اضافے کے بعد 1 لاکھ 58 ہزار 313 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں ٹیکنالوجی، سیمنٹ، آئل اینڈ گیس اور فرٹیلائزر کمپنیز کے شیئرز میں نمایاں خریداری دیکھی گئی، جس نے مجموعی تیزی میں اہم کردار ادا کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق مارکیٹ میں تقریباً 34 ارب روپے مالیت کے 61 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔





















