سلمان اکرم راجا نے گورکھپور ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی کو تیسرے انجکشن لگانے کے حوالے سے پارٹی،فیملی سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، بانی کو خفیہ طریقے سے رات کی تاریکی میں کسی کو بتائے بغیر اسپتال منتقل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سلمان اکرم راجا کا کہناتھا کہ جب تک فیملی اور ذاتی معالج کو رسائی نہیں ملتی کوئی بھی طریقہ قابل قبول نہیں، سہیل آفریدی نے بانی کی رہائی تحریک کا اعلان کیا ہوا ہے، بانی نے سارا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصرعباس کو دیا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ ہم نےتمام معاملات کو فرصت سے آگے لےکر چلنا ہے، ہماری تحریک پورے ملک کی تحریک ہے، مشرق وسطیٰ میں جاری صورتحال پر کوئی بات کرنا قبل از وقت ہے،ہمارا اصولی موقف ہے ایک پر وقار طریقے سے امن ہو، ایران کے جو جائز مطالبات اور حقوق ہیں انکو مانا جانا چاہیے۔
سلمان اکرم راجا کا کہناتھا کہ چاہتے ہیں خطے میں مسلمان ممالک کو تحفظ حاصل ہو فلسطینیوں کوحق ملے، پاکستان میں آئین اور قانون کی پامالی آج کی بات نہیں، ہم پچھلے تین سال سے آئین کی بالادستی کیلئے کھڑے ہیں، ہم سمجھتے ہیں اس ملک کے الیکشن پر حملہ ہوا ہے، ہم امت مسلمہ کی وحدت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کو ناگزیر سمجھتے ہیں، ہم نےہرعدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور کھٹکھٹاتے رہیں گے، ہم ایک پرامن جماعت ہیں پرامن احتجاج سےحقوق حاصل کرینگے، وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر سے کوئی ملاقات نہیں کی، بہت سےمواقع آئے جب محمود اچکزئی،علامہ ناصرعباس سے ملاقات ہو سکتی تھی، دانستہ طور پر یہ ملاقات نہیں کی گئی۔





















