پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت میں ایک بار پھرترقی کا سفر شروع کریں گے۔
سینئر نائب صدر ( ن ) لیگ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے یوتھ اور وومن ونگ کا اجلاس ہوا جس میں تنظیمی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے دوران مریم نواز نے وارڈ لیول تک تنظیم مکمل کرنے اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو اوپر کی سطح پر لانے کی ہدایت دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ( ن ) نوجوانوں اور خواتین کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے، نوازشریف کی قیادت میں ایک بار پھرترقی کا سفر شروع کریں گے اور نوجوانوں اور خواتین کی ہر سطح پر نمائندگی بڑھائیں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو روزگار اور ہنر مند بنانے کیلئے تاریخی پیکج دیں گے۔