بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کے عہدے کی مدت میں توسیع کر دی۔
بدھ کے روز بی سی سی آئی کی جانب سے ٹیم کے معاون کوچنگ عملے کے ساتھ راہول ڈریوڈ کو بھی بطور ہیڈ کوچ توسیع دینے کا اعلان کیا گیا۔
ڈریوڈ کا معاہدہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 کے اختتام تک تھا لیکن بی سی سی آئی نے اب متفقہ طور پر اس مدت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
راہول ڈریوڈ کی سربراہی کے دوران بھارتی ٹیم رینکنگ بہتر کرنے میں کامیاب رہی، تاہم، تین مواقع پر آئی سی سی کی کوئی بڑی ٹرافی اٹھانے میں ناکام رہی۔
عہدے کی مدت میں توسیع پر راہول ڈریوڈ کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کے ساتھ پچھلے دو سال مکمل طور پر یادگار رہے ہیں، ہم نے ایک ساتھ مل کر اونچائی اور پستی کا مشاہدہ کیا ہے اور اس پورے سفر میں گروپ کے اندر تعاون اور ہمدردی غیر معمولی رہی ہے۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے ڈریوڈ سے بہتر کوئی اور نہیں ہے۔