صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سندھ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ جلد کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن پروپیگنڈے کا جواب اپنی کارکردگی سے دے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاؤس کراچی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ صدر مملکت آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ اراکین پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مراد علی شاہ سے کہا آپ اور آپ کی ٹیم اچھا کام کررہی ہے۔ اچھے کاموں کے تسلسل کو جاری رکھیں۔ مشکل حالات میں عوام کو جتنا ممکن ہوسکے ریلیف دیا جائے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت دنیا میں جنگ کے حالات ہیں، سیاستدانوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی سے خوش ہوں۔ مسائل کے باوجود سندھ کے وزیراعلیٰ سندھ جس انداز میں صوبے کا مقدمہ لڑتے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے گل پلازہ سانحے کے حوالے سے بیان دیا کہ ہم آگ لگانے والے نہیں بلکہ آگ بجھانے والوں میں سے ہیں۔ سانحے کا مقابلہ کرنے والوں پر تنقید ناقابل فہم ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اس لئے ناقابل برداشت ہیں کیونکہ کچھ لوگ سندھ کے دارالحکومت میں جیالا میئر نہیں چاہتے۔





















