دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے 4 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
ضلع ٹھٹھہ کی یونین کونسل صوف شورو کےگاؤں سبزعلی چھٹو، کوروکھو بیلو کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے پنہور برادری کے 6 بچے ڈوب گئے۔ افسوسناک واقعے کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق جبکہ دو بچوں کو مقامی افراد نے بروقت بچا لیا ۔
عینی شاہدین کے مطابق بچے گرمی کے باعث دریائے سندھ میں نہانے کے لیے گئے تھے کہ اچانک گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوبنے لگے ۔ شور مچانے پر مقامی افراد بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے دو بچوں کو زندہ نکال لیا جبکہ 4 بچوں کو تشویشناک حالت میں نکالا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ٹھٹھہ دریائے سندھ میں بچوں کے ڈوب کرجاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی ٹھٹھہ سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔






















