وزیراعظم نے غذائی ضروریات کیلئے اشیائے خورونوش کی طلب و رسد کی مکمل نگرانی کی ہدایت کردی۔ شہباز شریف نے یہ بھی کہہ دیا کہ خلیجی ممالک کو کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی اور غذائی تحفظ کا خیال رکھا جائے اور پاکستان کی غذائی ضروریات متاثر کئے بغیر وافر مقدار میں موجود اشیا ہی بھیجی جائیں۔
ملک میں غذائی صورتحال اور اشیا کی برآمدت پر وزیراعظم کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اشیاء خورونوش کا وافر ذخیرہ ہے،کسی بھی چیز کی قلت نہیں۔ وزیر اعظم نے کہا عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے سے خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خلیجی ممالک کو اشیاء خورونوش کی برآمد کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دیا جائے، برادر خلیجی ممالک کو اشیاء خورونوش کی برآمد کرتے وقت اعلی معیار یقینی بنایا جائے، وزیراعظم نے خلیجی ممالک میں تعینات سفراء و ٹریڈ افسران کو بھی متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا پی این ایس سی بحری راستے سے خلیجی ممالک کو اشیا برآمد کرنے کیلئے اقدامات کرے۔
اجلاس کو خوراک کے موجود ذخائر اور پیداوار پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری اور سی فوڈ میں برآمد کی وسیع استعداد ہے، وزیراعظم نے روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی۔






















