معروف گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کرنے والے گینگ لارنس بشنوئی کے حملے کے بعد گیپی گریول نے بیان جاری کرتے ہوئے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے ساتھ دوستی کی تردید کر دی ہے ۔
دو روز قبل کینیڈا میں پنجابی اداکار و گلوکار گیپی گریول کے کینیڈا میں گھر کے باہر فائرنگ کی گئی تھی جس کی ذمہ داری بدنام زمانہ گینگ لارنس بشنوئی نے قبول کی اور پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کی دوستی بھی انہیں ہم سے نہیں بچا سکے گی۔ گیپی گریوال مختلف مقامات پر سدھو موسے والا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا کرتے تھے ۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران گلوکار کا کہنا تھا کہ ان کی سلمان خان کے ساتھ صرف چند ملاقاتیں ہوئی ہیں اور ان کے درمیان کوئی دوستی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بالی وڈ سپر سٹار کے خلاف گینگسٹر کا غصہ ان پر نکالا گیا ہے اور اس سے وہ اپنی فیملی سمیت عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ گینگسٹر کی پوسٹ میں پنجابی گلوکار کو دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ صرف ایک ٹریلر تھا اور اس کی فلم جلد ریلیز کی جائے گی۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ لارنس بشنوئی نے متعدد بار سلمان خان کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں ، مسلسل دھمکیوں کے بعد سلمان خان کی جانب سے بلٹ پروف گاڑی بھی خریدی گئی اور انہوں نے اپنی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا ہے ۔