پاکستان ریلویز کی ڈیجیٹلائزیشن حکمت عملی پارلیمان میں پیش کردی گئی۔ رابطہ نامی موبائل ایپ اور ویب پلیٹ فارمز کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ معذور افراد اور بزرگ شہریوں کے لیے ایپ میں سائن لینگویج اور وائس کنٹرول فیچر شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے ڈیجیٹلائزیشن حکمت عملی پارلیمان میں پیش کی۔ کہا رابطہ موبائل ایپ اور آن لائن ویب پورٹل مسافروں کے لیے بنیادی سہولت ہے۔ رابطہ موبائل ایپ اب تک 70 لاکھ سے زیادہ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی جاچکی۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ اور وائس اسسٹنٹ بھی شامل کریں گے۔
وزیرریلوے کے مطابق پاکستان ریلوے میں آن لائن ٹکٹنگ کے رجحان میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ای ٹکٹنگ نظام سے ٹکٹ کا حصول مسافروں کے لیے مزید آسان ہوگیا، پاکستان ریلوے کی 104 ٹرینوں کی بکنگ ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے ہورہی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال میں اضافہ ہوا،کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ اور موبائل والٹس کے ذریعے ادائیگی کی سہولت بڑھائی۔ وزیر ریلوے نے بتایا بزرگ صارفین کے لیے سادہ اور آسان بلنگ انٹرفیس متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔





















