پاکستان میں واٹس ایپ کا ایک نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ ہوگیا۔
پاکستان میں واٹس ایپ کی ہیکنگ اب آسانی نہیں رہے گی۔ پی ٹی اے اور میٹا کمپنی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ بہت جلد پاکستان کے واٹس ایپ صارفین کیلئے نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرایا جائے گا جس کے بعد ہیکرز صرف او ٹی پی ڈال کر کسی کا واٹس ایپ ہیک نہیں کرسکیں گے۔
واٹس ایپ اکاؤنٹ کی منتقلی کے لئے ڈبل سیکیورٹی سسٹم نافذ کیا جائے گا، واٹس ایپ نئے موبائل پر کھولنے کیلئے او ٹی پی کے ساتھ پاس ورڈ بھی درکار ہوگا۔ ہیکرز او ٹی پی حاصل کر بھی لے تو بھی اپنے موبائل پر واٹس ایپ ایکٹیو نہیں کرسکے گا۔
او ٹی پی کے بعد دوسری ڈیوائس پر لاگ اِن کرنے کے لیے پاس ورڈ نوٹیفکیشن آئے گا، دوسرا پاسورڈ نئے موبائل فون پر درج کرنے کے بعد ہی واٹس ایپ لاگ اِن ہوسکے گا۔
سماء سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ واٹس ایپ ہیکنگ ایک سنگین مسئلہ بن چکا، صرف او ٹی پی شیئر کرنے سے صارفین کا پورا اکاؤنٹ متاثر ہوجاتا ہے، واٹس ایپ کا نیا سیکیورٹی فیچر سب سے پہلے پاکستان میں لانچ ہوگا، نئے سیکیورٹی فیچر کا باضابطہ اعلان جلد کردیا جائے گا۔





















