پنجاب حکومت نے نئی ٹرانسپورٹ پالیسی نافذ کر دی جس کا محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس تین تین سرکاری گاڑیاں اپنے استعمال میں رکھ سکیں گے۔
پنجاب حکومت نے سرکاری افسران کیلئے اٹھارہ سال بعد نئی ٹرانسپورٹ پالیسی بناکر نافذ کردی ہے ، محکمہ سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی ٹرانسپورٹ پالیسی 2026 کے تحت چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب 1800 ، 2800 اور 4700 سی سی کی تین تین سرکاری گاڑیاں استعمال کرسکیں گے جن میں دو گاڑیوں کیلئے ہر ماہ 800 لیٹر پیٹرول ملےگا جبکہ تیسری 4700 سو سی سی گاڑی کے پیٹرول کی کوئی حد مقرر نہیں ہوگی ۔ پہلے چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب 1300 اور 1600 سی سی گاڑیاں رکھنے کے مجاز تھے ۔
چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کے اسٹاف افسر اور سیکشن افسر تیرہ سو سی سی گاڑی اور ڈیڑھ سو لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کریں گے ، نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں وزرا کے اسٹاف آفیسر بھی تیرہ سو سی سی گاڑی اور 125 لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کریں گے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ بیس سے بائیس کے افسران میں سیکرٹری 2800اور 1800سی سی انجن کی دو گاڑیاں استعمال کرسکیں گے ۔ گریڈ 20اور 21 کے افسران ذاتی گاڑی کیلئے 200لیٹر اور سرکاری استعمال کیلئے لامحدود پیٹرول استعمال کریں گے ۔
پرانی پالیسی کے تحت انتظامی سیکرٹری پنجاب 1300سی سی گاڑی اور 200لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کرسکتے تھے ۔ نئی ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت گریڈ 19اور 20 کے اسپیشل سیکرٹری اور ڈی آئی جی 1600 سی سی گاڑی اور 250 لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کرسکیں گے جبکہ پرانی پالیسی کے تحت یہ افسران ہزار اور 1300 سی سی گاڑی اور 175 لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کرسکتے تھے ۔
اس کے علاوہ گریڈ 19 کے ایڈیشنل سیکرٹری 1600 سی سی گاڑی اور 200 لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کرسکیں گے ۔ پرانی پالیسی کے تحت یہ افسران 175 لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کرسکتے تھے ۔ گریڈ 18 میں ڈپٹی سیکرٹری 1500 سی سی گاڑی کیلئے پونے 200 لیٹر پیٹرول استعمال کریں گے ۔ پرانی پالیسی کے تحت ڈپٹی سیکرٹری ہزار سی سی گاڑی اور 150 لیٹرتک پٹرول ہر ماہ استعمال کرسکتے تھے ۔





















