معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت 30 نومبر تک ملتوی ہوگئی۔
پیر کے روز لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کی نظربندی کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ درخواست پر ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نے فیصلہ کردیا ہے اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو اپنی رپورٹ بھی ارسال کردی ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ کیوں بھیجی، جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ نظربندی کے نوٹیفکیشن کے بعد حکومت کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔
سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس میں رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ آپ اس معاملے کو جلد مکمل کرائیں۔
بعدازاں، عدالت نے درخواست پر سماعت 30 نومبرتک ملتوی کردی۔