وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سڑکوں کی بندش غیرقانونی ہے۔
شیخوپورہ میں تقریب سے خطاب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کا دوبارہ معائنہ ہوا۔ میڈیکل ٹیم نے علاج پراطمینان کا اظہارکیا۔ جانب سے سڑکوں کی بندش غیرقانونی ہے۔ ماورائے آئین اقدام پر قانون حرکت میں آئے گا، خیبرپختونخوا حکومت آئین اور قانون کی پاسداری کرے۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی عینک کیساتھ ایک آنکھ کی بینائی 70 فیصد ہے، دوسری آنکھ کی بینائی6/6 ہے، میڈیکل ٹیم نےعلاج پر اطمینان کا اظہارکیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی پہلے دن سے ڈیل اور ڈھیل کے منتظر ہیں۔ یہ وہی بیساکھیاں ڈھونڈ رہے ہیں جن کے سہارے اس تانگا پارٹی کو حکومت میں لایا گیا ۔ ایسی کوئی چیز نہ ان کو آفر کی جائے گی نہ کی جا سکتی ہے۔
دانیال چوہدری نے مزید کہا کہ ضمانت اور ملک سے باہر جانےکی اجازت تب ملتی ہے اگر کوئی جان کو خطرے والی بیماری ہو ۔ ان کا جو علاج ہونا تھا وہ تو فیملی کے دعوے کے مطابق ہو چکا۔






















