کراچی کے علاقے کورنگی چکرا گوٹھ میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ مطلوب سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت یاسر عرفات، خدابخش اور زاہد عرف بارکزئی کے نام سے ہوئی ہے،ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تقریباً پانچ کلو بارودی مواد، دس میٹر پرائما کارڈ،تین ڈیٹونیٹر،ایک کلو بال بیرنگ،انتہا پسندی پر مبنی ڈھائی سو بکس لٹریچراورایک لیپ ٹاپ برآمد کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباء کو کالعدم تنظیم میں شامل کرنے کے لیے مبینہ طور پر ذہن سازی اور انتہا پسندانہ مواد کی فراہمی میں ملوث تھے۔ ملزمان نے کراچی کے حساس مقامات پر دہشتگردی کی کارروائی کے لیے بارودی مواد اپنے خفیہ ٹھکانے پر چھپا رکھا تھا۔
گرفتار ملزمان کو دھماکہ خیز مواد سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ تفتیش کا عمل جاری ہے۔





















