رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر نور نیازی نے سونا چوری ہونے کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس پر ایوان میں احتجاج ریکارڈ کروایا اور کہا کہ ضلع میانوالی میں سونے کے ذخائر دریافت ہوئے جسے ایکسیبیٹرز کے ذریعے چوری کیا گیا، آج تک ضلع میانوالی سے چوری ہونے والے سونے میں سے ایک تولہ سونا بھی واگزار نہیں کروایا گیا۔
علی حیدر نور نیازی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے دور میں سونا چوری کا نوٹس لیا گیا اور ایکسیبیٹر کو روک دیا گیا، سونا اور ڈیزل چوری کرنے کےلیے خیبرپختونخواہ کاعلاقہ رحمان آباد میں 800 سے 900 ایکسیبیٹرلگائے گئے، ایک ایکسیبیٹر سے تین تولے سونا چوری ہوتا ہے، عیسی خیل میں من پسند ایس ایچ او کی معاونت سے گندم کی سمگلنگ کی گئی، اسی ایس ایچ او کو ایس پی میانوالی لگاکر وصولیاں کی گئیں، اگر ایک جگہ پر 700 ایکسیبیٹر لگائے جائیں تو پورا شہر بنتا ہے، کرپٹ پولیس افسران ملوث نہ ہو تو پھر کوئی ایک تولہ بھی سونا چوری نہیں کر سکتا ، میں تو لوگوں پر الزام لگا رہا ہوں میرے ملک کا خزانہ لوٹا جا رہا ہے، میرا مطالبہ ہے کہ اس کی تحقیقات کی جائیں تاکہ مزید چوری رک سکے، کے پی میں پی ٹی آئی حکومت سونے کی چوری کو روکے۔
ڈپٹی سپیکر نے سونا چوری کے معاملہ پر معاملہ محکمہ معدنیات اور متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے میانوالی میں چوری کرنے پر مقدمات کی تفصیلات ایوان میں پیش کردیں۔






















