وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ہیلتھ کانفرنس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے میری ٹیم بھرپور کام کر رہی ہے، 10ہزار 300 بچوں کے دل کا آپریشن کرنے سے انہیں نئی زندگی ملی، عوام کو معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہناتھا کہ بچوں کی پیچیدہ ہارٹ سرجریز کیلئے ماہرسرجنز کی خدمات حاصل کی ہیں، جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے صحت میں انقلاب لایا جا سکتا ہے، ماضی میں ادویات موجود ہونے کے باوجود مریضوں کو نہیں دی جاتی تھیں، پنجاب کے ہر بچے اور بزرگ کو صحت مند دیکھنا میری خواہش ہے، صحت کے شعبے میں شفافیت کی بہتر ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب عوام کی ادویات کا پیسہ کرپشن کی مد میں کھانے نہیں دوں گی، پنجاب میں شعبہ صحت کا بجٹ630ارب روپے ہے، بنیادی مراکز صحت میں بہترسہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، کوشش ہے کسی کو بھی علاج کیلئے اپنے شہر سے دوسرے شہرنہ جانا پڑے، ضلعی اسپتالوں میں جدید طبی آلات فراہم کیے جارہےہیں۔
ان کا کہناتھا کہ عوام کی زندگیوں میں آسانی کیلئے سخت فیصلے لیے ہیں، ڈی ایچ کیوز میں بہتر سہولتوں کیلئے 100 ارب روپے خرچ کر رہے ہیں، سرکاری اسپتالوں کے خود دورے کر رہی ہوں، سی ایم انسپکشن ٹیم کسی بھی اسپتال کا ہنگامی دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لے سکتی ہے۔





















